سینئر صحافی عمران شفقت کیخلاف این سی سی آئی اے ملتان کی کارروائی معطل، لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کا حکم

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سینئر صحافی عمران شفقت کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ملتان کی کارروائی معطل کر دی۔
جسٹس خالد اسحاق نے عمران شفقت کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا، جبکہ سینئر صحافی کی جانب سے میاں داؤد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے حکومت پر تنقید کے الزام میں لاہور کے رہائشی سینئر صحافی عمران شفقت کے خلاف کارروائی کے لیے NCCIA ملتان میں شکایت دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ایجنسی ملتان نے عدالت میں تحریری جواب جمع کرایا۔ NCCIA کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ عمران شفقت کے خلاف انکوائری ملتان کی علاقائی حدود میں آتی بھی ہے یا نہیں۔
این سی سی آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ یہ فیصلہ بھی ہونا باقی ہے کہ عمران شفقت کے خلاف ایسا جرم بنتا ہے جو قابلِ دست اندازی ہے یا نہیں۔ ایجنسی کے مطابق دونوں قانونی نکات کا فیصلہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
انکوائری افسر نے عدالت سے علاقائی حدود کے قانونی نکتے پر لیگل رائے حاصل کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی۔
عدالت نے حتمی بحث کے لیے 28 ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے این سی سی آئی اے ملتان کی مکمل کارروائی تاحکمِ ثانی معطل کر دی۔



