پاکستان نے آئی ایم ایف کی پانچویں قسط کے حصول کی تیاریاں شروع کردیں، مذاکرات آئندہ ماہ متوقع

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت پانچویں قسط کے حصول کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں، جبکہ پروگرام کے آئندہ جائزے کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اگلے ماہ ہونے کا امکان ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پروگرام کے جائزے کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، جس کے دوران قرض پروگرام کی شرائط اور مقررہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ نے مذاکرات کی تیاری کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں کو مطلوبہ ڈیٹا اور رپورٹس مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ وزارتیں آئی ایم ایف وفد کو پروگرام کے تحت طے کیے گئے اسٹرکچرل بینچ مارکس، معاشی اصلاحات اور دیگر اہداف پر بریفنگ دیں گی۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی اور گیس کے شعبوں کے سرکلر ڈیٹ سمیت دیگر اہم معاشی اہداف پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔

حکام کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں موجودہ قرض پروگرام کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رقم میں تقریباً 1 ارب ڈالر پانچویں قسط کی مد میں جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے تقریباً 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف جائزے کے لیے متعلقہ وزارتوں سے مطلوبہ معلومات اور پیش رفت کی رپورٹس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مذاکرات کے دوران پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق مؤثر بریفنگ دی جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button