بانی پی ٹی آئی کی جیل میں بگڑتی صحت اور طبی غفلت کے الزامات

راولپنڈی: خصوصی رپورٹ (جانو ڈاٹ پی کے)اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویشناک تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر دیئے گئے بیانات اور پی ٹی آئی کے آفیشل ہینڈلز پر جاری کردہ معلومات کے مطابق، جیل میں عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے بارے میں انہوں نے کئی ماہ قبل جیل انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا لیکن مبینہ طور پر اس پر توجہ نہیں دی گئی۔
عمران خان کا موقف ہے کہ انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو مسلسل تین ماہ تک اپنی آنکھ کی تکلیف کے بارے میں بتایا، لیکن بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کی ایک آنکھ کی بینائی 100 فیصد تک ختم ہو گئی تھی۔ بعد ازاں سرکاری ڈاکٹرز کی جانب سے لگائے گئے انجکشن سے بینائی میں محض 15 فیصد بہتری آئی ہے، تاہم وہ اس علاج سے قطعی مطمئن نہیں ہیں۔ خان صاحب نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ذاتی معالج اور ڈینٹسٹ کو فوری طور پر جیل بلایا جائے تاکہ ان کی آنکھ میں موجود خون کے لوتھڑے (Blood Clot) کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بھی آنکھوں کے اسی طرح کے مسئلے کا سامنا ہے، لیکن انہیں بھی تاحال مناسب طبی معائنہ فراہم نہیں کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور سابق وفاقی وزراء نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی مخالفت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو انسانی بنیادوں پر فوری طبی ریلیف دیا جائے۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کو جان بوجھ کر تنہائی میں رکھ کر ان کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ اس معاملے کی مزید تفصیلات اور تجزیہ اس لنک پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:




