امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز کا فارنزک تجزیہ جاری، تحقیقات میں اہم پیش رفت؟

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے قومی کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز کا فارنزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ تحقیقات میں مالی معاملات اور مبینہ مشتبہ لین دین کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی تحقیقات کا مرکزی فوکس دونوں کرکٹرز کے مالی معاملات پر ہے، جبکہ انگلینڈ سیریز سے قبل اور اس کے بعد ہونے والی مالی سرگرمیوں کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ عرصے کے دوران امام الحق اور محمد رضوان کے بینک اکاؤنٹس میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ رقوم کہاں سے موصول ہوئیں اور انہیں کن افراد یا اداروں کو منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کسی کمپنی، شخص یا ادارے کی جانب سے ہونے والی مبینہ مشتبہ ادائیگیوں کی بھی جانچ کی جائے گی، جبکہ بینکنگ ریکارڈ اور دیگر مالی معلومات کو موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل ڈیٹا کے ساتھ منسلک کرکے دیکھا جا رہا ہے۔
این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا فارنزک تجزیہ جاری ہے، جس میں پیغامات، رابطوں اور دیگر ڈیجیٹل معلومات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کا مقصد ڈیجیٹل شواہد اور مالی لین دین کے درمیان کسی ممکنہ تعلق کا تعین کرنا ہے، تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی فرد کے خلاف الزامات کو حتمی قرار نہیں دیا جا سکتا۔



