پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری، 35 ہزار سے زائد افراد ڈی پورٹ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل بدستور جاری ہے، جس کے تحت اب تک 35 ہزار 216 افغانیوں سمیت دیگر غیر قانونی مقیم افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت 208 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جہاں ان کے وطن واپسی کے عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ حکام کے مطابق کچھ افراد کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے جبکہ بڑی تعداد افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد پر مشتمل تھی۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت جاری ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہولڈنگ پوائنٹس پر متاثرہ افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور انخلا کے عمل کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔