ایف آئی اے کی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی، 3 مبینہ اسمگلرز گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا، جو شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ارشاد علی کلہوڑو، محمد قاسم عرف راجہ قاسم اور کامران زمان شامل ہیں، جنہیں کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں کو روزگار کا جھانسہ دے کر آذربائیجان بھیجتے تھے اور قانونی ورک ویزوں کے بجائے وزٹ ویزوں پر بیرون ملک روانہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان پر بیرون ملک ملازمت دلانے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے اور غیر قانونی امیگریشن میں سہولت کاری کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ملزمان کے بیرون ملک موجود ساتھیوں سے رابطوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ نیٹ ورک کے مزید ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



