ایران اور عمان میں اہم پیش رفت، آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق


تہران(ویب ڈیسک) ایران اور عمان نے خطے کی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں محفوظ اور منظم بحری آمدورفت یقینی بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے عمانی ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ اور بحری آمدورفت کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے لیے عمان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تہران پہنچ گیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے حکام آبنائے ہرمز میں محفوظ اور منظم بحری آمدورفت کے لیے مشترکہ طریقہ کار اور عملی اقدامات پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار سمندری راستے سے منتقل کی جاتی ہے، اس لیے اس راستے میں استحکام کو عالمی معیشت کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔