حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت، شوہر سمیت 2 ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے) ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید قتل کیس میں عدالت نے ملزم شوہر سہیل اصغر اور ملازم ذیشان ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 ستمبر تک توسیع کردی۔
سول جج عاصم ممتاز نے کیس کی سماعت کی، جہاں دونوں ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران مقدمے کا چالان پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرزنش کی اور آئندہ سماعت پر ہر صورت مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے دونوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
مقدمے میں نامزد دونوں افراد اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں جبکہ عدالت کی جانب سے پولیس کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



