وزیرآباد:یونیورسٹی آف چناب،گجرات اور آزاد کشمیر حکومت میں تعلیمی تعاون کا معاہدہ، طلبہ کیلئے اسکالرشپس کا اعلان

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)دی یونیورسٹی آف چناب، گجرات اور حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے مابین اعلیٰ تعلیم، علمی و تحقیقی تعاون، استعدادِ کار میں اضافہ اور طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم دستاویزِ تفاہم (Document of Understanding) پر دستخط کیے گئے۔ اس شراکت داری کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان مضبوط تعلیمی روابط قائم کرنا، علمی تبادلوں کو فروغ دینا اور باہمی تعاون کے ذریعے تعلیمی شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ طلبہ کو اسکالرشپس اور تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا اعلان, ڈی او یو کے تحت آزاد کشمیر اور قریبی اضلاع کے طلبہ کو جدید تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے- تقریب وزارت ہائر ایجوکیشن مظفرآباد میں ہوئی۔
دستاویزِ تفاہم پر انجینئر محمد رضا چوہان، ریکٹر دی یونیورسٹی آف چناب، گجرات اور ظفر اقبال ملک، ایم ایل اے و وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے دستخط کیے۔اس موقع پر حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے چوہدری عبدالرحمٰن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، راجہ شاہد حسین، ایڈیشنل سیکرٹری، اور ڈاکٹر محمد طارق خان، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) بھی موجود تھے۔ دی یونیورسٹی آف چناب کی نمائندگی کاشف خورشید، ڈپٹی ڈائریکٹر، اور عدیل اشفاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس آف سٹوڈنٹ افیئرز نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر انجینئر محمد رضا چوہان نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور حکومتی تنظیموں کے درمیان مؤثر اشتراک اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیقی سرگرمیوں کے استحکام اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری دونوں اداروں کے درمیان دیرپا اور نتیجہ خیز تعاون کی بنیاد ثابت ہوگی۔اس دستاویزِ تفاہم کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر علمی و تحقیقی سرگرمیوں، تربیتی پروگراموں، استعدادِ کار بڑھانے کے اقدامات اور طلبہ کی فلاح و ترقی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام کریں گے، جس سے تعلیمی معیار اور انسانی وسائل کی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔



