عیدالاضحیٰ پر شدید ہیٹ ویو کا الرٹ، پنجاب میں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پی ڈی ایم اے پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں پارہ 42 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان سمیت جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے، ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے اور بچوں و بزرگوں کو گھروں کے اندر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمے نے جانوروں اور پرندوں کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے برتن رکھے جائیں، مویشیوں کو وقفے وقفے سے پانی پلایا جائے اور ان پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق مویشی منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کیلئے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ ہنگامی مدد کیلئے شہری 1129 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔



