شدید گرمی صرف جسم نہیں، ذہنی صحت کو بھی متاثر کرنے لگی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شدید گرمی کی لہر جہاں جسمانی صحت کیلئے خطرہ بن رہی ہے وہیں ذہنی اور جذباتی کیفیت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق مسلسل زیادہ درجۂ حرارت کے باعث لوگوں میں چڑچڑاپن، بے چینی، ذہنی دباؤ، تھکن اور نیند کی خرابی جیسے مسائل میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم مسلسل خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کرتا ہے جس سے جسمانی تھکن اور ذہنی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق گرمی کے دوران نیند کا متاثر ہونا بھی اضطراب اور بے چینی کی بڑی وجہ بنتا ہے جبکہ پانی کی کمی دماغی کارکردگی کو متاثر کر کے سر درد، گھبراہٹ اور کمزوری پیدا کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث گھروں تک محدود رہنے سے جسمانی سرگرمیاں اور سماجی میل جول کم ہو جاتا ہے، جس سے اداسی اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گرمیوں میں زیادہ پانی پیا جائے، ٹھنڈی جگہ پر آرام کیا جائے، کیفین کم استعمال کی جائے اور صبح یا شام کے وقت ہلکی ورزش کو معمول بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button