مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا،3بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے چوہدری محمد حنیف جٹ انتقال کرگئے

چیچہ وطنی(جانوڈاٹ پی کے)مسلم لیگ ن کے لیے افسوسناک خبر، چیچہ وطنی سے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ اچانک انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد حنیف جٹ کا انتقال اچانک حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی اہل خانہ، سیاسی و سماجی حلقوں اور کارکنوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
چوہدری محمد حنیف جٹ حلقہ پی پی 203 سے پنجاب اسمبلی کے رکن تھے اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔
وہ مسلم لیگ ن کے رہنما، رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری طفیل جٹ کے چھوٹے بھائی تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے رائے علی نواز اسٹیڈیم، چیچہ وطنی میں ادا کی جائے گی۔
چوہدری محمد حنیف جٹ کے اچانک انتقال پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



