ہانیہ عامر کی عاصم اظہر کے نام کا ماسک پہن کر کنسرٹ میں شرکت، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز کی مقبول ترین شخصیت ہانیہ عامر اور عاصم اظہر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، جب ہانیہ عامر نے امریکا میں عاصم اظہر کے حالیہ کنسرٹ میں شرکت کرکے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ہانیہ عامر نے خود کو ہجوم کی نظروں سے بچانے کے لیے سرخ رنگ کا ماسک اور کیپ پہن رکھی تھی، تاہم مداحوں نے انہیں فوراً پہچان لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اس ماسک پر مبینہ طور پر ’’عاصم علی‘‘ بھی درج تھا، جس نے مداحوں کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔
کنسرٹ کے دوران ہانیہ کو عاصم اظہر کے گانوں پر جھومتے، گنگناتے اور بھرپور انداز میں سپورٹ کرتے دیکھا گیا، جبکہ ایک موقع پر عاصم اظہر نے اسٹیج سے جھک کر ان سے خصوصی انداز میں ہاتھ بھی ملایا، جس کے بعد حاضرین کے شور اور سوشل میڈیا قیاس آرائیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ہانیہ اور عاصم ماضی میں بھی اپنے تعلق کے باعث کافی توجہ حاصل کر چکے ہیں، اور عاصم کی سابق منگیتر میرب علی سے علیحدگی کے بعد دونوں کے دوبارہ قریب آنے کی افواہیں پہلے ہی گردش میں تھیں۔ اس نئی عوامی موجودگی نے مداحوں کو ایک بار پھر یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ شاید دونوں کے درمیان تعلقات دوبارہ مضبوط ہو رہے ہیں۔
تاحال نہ ہانیہ عامر اور نہ ہی عاصم اظہر نے ان افواہوں کی باضابطہ تصدیق کی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر مداح اس ممکنہ ری یونین کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی سب سے دلچسپ کہانی قرار دے رہے ہیں۔



