حج 2027 کی تیاریوں کا جائزہ، وزیراعظم کی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں آئندہ حج کی تیاریوں، عازمین حج کے لیے انتظامات اور وزارت مذہبی امور کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کو حج آپریشن کی پیشگی تیاریوں، انتظامی امور اور سعودی حکام کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزارت کی جانب سے عوامی سہولت کے لیے کیے جانے والے دیگر اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستانی عازمین حج کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی امداد سمیت تمام ضروری سہولیات بہترین انداز میں فراہم کرنے کے لیے اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حج کے دوران پاکستانی عازمین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اس لیے حج آپریشن سے متعلق تمام انتظامی اور تیاری کے امور مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے حج کے عمل کو شفاف، منظم اور عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ آرام دہ بنانے پر بھی زور دیا، تاکہ پاکستانی عازمین اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔

مزید خبریں

Back to top button