سجاول میں بڑی کارروائی، سمندری راستے سے گٹکہ مٹیریل اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 60 لاکھ مالیت کا سامان برآمد


سجاول (جانوڈاٹ پی کے)سجاول پولیس نے سمندری راستے سے گٹکہ مٹیریل اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 20 سو 17 کلو گرام سے زائد مٹیریل برآمد کر لیا، جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق لاڈیوں اور شاہبندر پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ساحلی علاقے "ریل وارو تڑ” میں چھاپہ مارا، جہاں سے 147 کٹے گٹکہ مٹیریل قبضے میں لیے گئے۔ برآمد ہونے والے مٹیریل کی مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان میں خمیسو جت، سوز علی جت اور عبدالغفور تھیم شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایس ایس پی سجاول علینہ راجپر کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گٹکہ مٹیریل سمندری راستے سے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔