گوجرانوالہ گرڈ اسٹیشن میں خوفناک آتشزدگی، کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

گوجرانوالہ(جانوڈاٹ پی کے) شاہین آباد گرڈ اسٹیشن میں اچانک لگنے والی خوفناک آگ نے ایم این ٹی (M&T) اسٹور اور ریجنل اسٹور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کے ٹرانسفارمر، بجلی کا سامان اور تاریں جل کر خاکستر ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بجھانے کے لیے پانچ فائر ٹینڈرز نے کئی گھنٹوں تک کارروائی کی، تاہم تیز ہواؤں کے باعث شعلوں پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور آگ مسلسل پھیلتی رہی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے رات گئے تک فائر فائٹنگ آپریشن جاری رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گرڈ اسٹیشن کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے تھے، تاہم آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہ ہو سکیں۔ تقریباً چار گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایم این ٹی اسٹور میں لگی، جہاں واقعے کے وقت گیپکو کے ملازمین معمول کے مطابق کام کر رہے تھے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گیپکو حکام کے مطابق آتشزدگی سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ تاحال نہیں لگایا جا سکا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



