وزیرآباد، جی ٹی روڈ پر ریفلیکٹرز اور لین مارکنگ نہ ہونے سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)جی ٹی روڈ پر اندھی سڑکیں، ریفلیکٹرز اور لین مارکنگ نہ ہونے سے حادثات کا خدشہ جی ٹی روڈ پر چناب ٹول پلازہ سے مولانا ظفر علی خان بائی پاس چوک تک کا اہم ترین حصہ رات کے اوقات میں مسافروں کے لیے مشکلات اور خطرات کا باعث بن گیا۔ شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور مسافروں نے شکایت کی ہے کہ اس مصروف شاہراہ پر مناسب ریفلیکٹرز، کیٹ آئیز اور لین مارکنگ نہ ہونے کے باعث رات کے وقت سڑک کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے درمیان قائم ڈیوائیڈرز اور یوٹرنز پر مناسب عکاس نشانات موجود نہیں، جبکہ متعدد مقامات پر لینوں کی نشاندہی کرنے والی سفید اور پیلی لائنیں بھی مٹ چکی ہیں۔ نتیجتاً رات کے وقت خصوصاً دھند، بارش یا لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں ڈرائیوروں کو اپنی گاڑیاں محفوظ انداز میں چلانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی افراد کے مطابق روزانہ ہزاروں گاڑیاں اس شاہراہ سے گزرتی ہیں لیکن بنیادی حفاظتی انتظامات نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے نشاندہی کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اربوں روپے کے جرمانے وصول کرنے والی متعلقہ اتھارٹیز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو شاہراہوں کی بہتری اور عوامی تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چناب ٹول پلازہ سے مولانا ظفر علی خان بائی پاس تک فوری طور پر ریفلیکٹرز نصب کیے جائیں، لین مارکنگ کی ازسرنو پینٹنگ کرائی جائے اور ڈیوائیڈرز پر عکاس اسٹیکرز وغیرہ لگائے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button