جدہ میں خلیج تعاون کونسل کا ہنگامی اجلاس، خطےکی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال

جدہ(جانوڈاٹ پی کے)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا ہنگامی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی، سیاسی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ اجلاس ان حالات میں ہوا ہے جب خلیجی ممالک حالیہ دو ماہ سے ایران کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کی جاری جنگ کے باعث براہ راست کشیدگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ حالیہ تنازع بعد یہ خلیجی رہنماؤں کی پہلی براہ راست ملاقات تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق جدہ میں ہونے والے اجلاس میں خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں اور وفود کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی،کویت کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید شریک ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اجلاس میں مشترکہ طور پر کام کو مزید مضبوط بنانے اور بحرانوں سے نمٹنے کے طریقہ کار کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا گیا۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایک خلیجی اہلکار کے مطابق اس ملاقات کا بنیادی مقصد ایران کی جانب سے ہونے والے ہزاروں میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا تھا۔



