سجاول: آلودہ پانی پینے سے 30 سے زائد افراد ڈائریا اور گیسٹرو کا شکار، اسپتال منتقل

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) ضلع سجاول کی تحصیل جاتی کے ساحلی گاؤں ارباب پاندھی تھہیم میں آلودہ پانی پینے کے باعث 30 سے زائد افراد ڈائریا اور گیسٹرو میں مبتلا ہوگئے۔ متاثرین میں خواتین، مرد اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر تعلقہ اسپتال جاتی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایم ایس تعلقہ اسپتال جاتی ڈاکٹر بشیر سولنگی کے مطابق تمام مریضوں کو بروقت علاج فراہم کیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر اور بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاؤں کے تالاب کا آلودہ پانی پینے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
گاؤں کے معززین حبیب تھہیم اور ولو تھہیم نے بتایا کہ دیہاتیوں نے پینے کے لیے تالاب کا پانی استعمال کیا، جس کے بعد متعدد افراد کی طبیعت خراب ہوگئی۔
متاثرہ افراد میں عبداللطیف تھہیم، حسین بخش تھہیم، فیصل، ریاض تھہیم سمیت 30 سے زائد شہری شامل ہیں، جن کا تعلقہ اسپتال جاتی میں علاج جاری ہے۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



