لاہور میں گیس بحران، ایل پی جی کی قیمت 450 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں گیس کے کم پریشر اور بعض علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے، جبکہ دکانداروں کی جانب سے مبینہ طور پر سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں کے مطابق گھروں میں سوئی گیس کا پریشر انتہائی کم ہونے یا گیس دستیاب نہ ہونے کے باعث کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی استعمال کرنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی کی سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق ایل پی جی کی حکومتی قیمت تقریباً 279 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور کے مختلف علاقوں میں اسے 300 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں گیس بحران کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ایل پی جی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر کارروائی کی ہدایت کی جائے۔



