اسلام آباد میں او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کی تیاریاں آخری مرحلے میں، اسحاق ڈار نے انتظامات کا جائزہ لیا


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت خواتین سے متعلق او آئی سی کی 9ویں وزارتی کانفرنس کے انعقاد کے لیے قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کانفرنس کی تیاریوں کے آخری مرحلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 12 اور 13 جولائی 2026 کو او آئی سی کی 9ویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کرے گا۔ اجلاس میں کانفرنس کے ایجنڈے، پروٹوکول، سکیورٹی انتظامات، لاجسٹک، میڈیا کوریج، بین الوزارتی رابطہ کاری اور دیگر تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران کانفرنس کو کامیاب اور مؤثر انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف انتظامی اور عملی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے کی گئی پیش رفت کو سراہا اور تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔