عالمی جریدے کا پاکستان کے سفارتی کردار پر تبصرہ، ایران۔امریکا جنگ بندی میں کردار کو سراہا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور عالمی تنازعات کے تناظر میں عالمی جریدے Foreign Affairs میں شائع ہونے والے ایک تجزیے میں پاکستان کے سفارتی کردار پر تبصرہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جریدے نے ایران۔امریکا کشیدگی میں پاکستان کے کردار کو نمایاں قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پاکستان نے بحران کے دوران اہم سفارتی کوششیں کیں اور ایک مؤثر علاقائی طاقت کے طور پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔

تجزیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 7 اپریل کو امریکی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی رابطہ کاری نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی قیادت سے رابطوں کے نتیجے میں چند گھنٹوں کے اندر جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی۔

جریدے کے مطابق پاکستان نے ایک ایسے بحران میں فعال سفارت کاری کا مظاہرہ کیا جہاں کئی بڑی عالمی طاقتیں مؤثر پیش رفت نہ کر سکیں۔ تجزیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کے پاس بڑی طاقت بننے کے لیے جغرافیائی اہمیت، علاقائی روابط اور سفارتی صلاحیت جیسی خصوصیات موجود ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر امریکا مستقبل میں مہنگی جنگوں سے گریز کرنا چاہتا ہے تو اسے پاکستان سمیت ابھرتی ہوئی علاقائی طاقتوں کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

نوٹ: مذکورہ نکات عالمی جریدے میں شائع ہونے والے تجزیے اور اس میں پیش کیے گئے مؤقف پر مبنی ہیں، جنہیں تجزیاتی رائے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button