سابق پریمیئر لیگ اسٹار ٹائٹس برامبل پاکستان فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقرر

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان فٹبال کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سابق پریمیئر لیگ فٹبالر ٹائٹس برامبل کو پاکستان کی مینز سینئر قومی فٹبال ٹیم کا نیا اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے سوشل میڈیا کے ذریعے ٹائٹس برامبل کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق انگلش فٹبالر اپنا قیمتی تجربہ پاکستانی قومی ٹیم کے ساتھ شیئر کریں گے۔

ٹائٹس برامبل نے 2000 سے 2013 تک پریمیئر لیگ میں فٹبال کھیلی اور اس دوران 200 سے زائد میچز میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل فٹبال کیریئر کا آغاز اِپس وچ ٹاؤن سے کیا، جس کے بعد وہ نیو کاسل یونائیٹڈ کا حصہ بنے۔

نیو کاسل یونائیٹڈ کے ساتھ پانچ سالہ وابستگی کے دوران برامبل نے تمام مقابلوں میں 156 میچز کھیلے۔ بعد ازاں وہ ویگن ایتھلیٹک اور سنڈرلینڈ کی جانب سے بھی کھیلتے رہے۔

اپنے کھیل کے آخری دور میں ٹائٹس برامبل نے اسٹو مارکیٹ ٹاؤن میں پلیئر کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔ انہوں نے 2018 میں پروفیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ لی۔

پاکستان فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے برامبل کی تقرری سے قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں پریمیئر لیگ کے تجربے کا اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button