بدین میں تین روزہ ماہی گیر میلے کا آغاز، ثقافتی تقاریب اور حقوق کی آگاہی کیلئے پروگرام منعقد

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن /جانو ڈاٹ کام۔پی کے)پاکستان فشر فوک فورم کی جانب سے بدین کے ساحلی علاقے میں تین روزہ ماہی گیر میلے کا افتتاح درگاہ شیخ کریو بھانڈاری پر چادر چڑھا کر کیا گیا۔ میلے میں سندھ کے کونے کونے سے ماہی گیروں اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے میلے کے دوسرے روز آج اتوار کو فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران علی شاہ، ویوا فاؤنڈیشن کے سی ای او مصطفیٰ اور چیف کنسلٹنٹ عاصم محبوب ثقافتی تقریب میں شریک ہوں گے فشر فوک فورم کے مرکزی سیکریٹری رمضان ملاح، حاجی نبی بخش، محمد رحیم چنڈاٸی، عمر ملاح سلیم ملاح، عبدالمجید ملاح اور قاسم بچو نے درگاہ شیخ کریو بھانڈاری پر چادر چڑھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماہی گیر میلے میں ثقافتی رقص، کہانیاں، شاعری، ادبی نشست کے ساتھ ساتھ ماہی گیر برادری کے حقوق کو اجاگر کرنے اور ساحلی آبادی کو درپیش مسائل کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیے گئے ہیں، جن میں ماہی گیر برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا میلے کے اسٹالوں پر دستکاری، روایتی ثقافتی ملبوسات، کرافٹ کی مختلف مصنوعات، ماہی گیروں کے شکار کے اوزار اور کشتیوں کے ماڈل رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہی گیر میلے کی تقاریب تین روز تک جاری رہیں گی



