وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب، پیٹرول اور ڈیزل پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بننے والے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 15.51 فیصد اضافے کا معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ میں اس حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا 14 اگست کا فیصلہ پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کے فی لیٹر ڈیلر مارجن میں 1.34 روپے اضافے کی منظوری متوقع ہے، جبکہ ڈیزل کے فی لیٹر مارجن میں بھی 1.34 روپے اضافہ کیا جائے گا۔ یوں دونوں پٹرولیم مصنوعات پر صارفین پر مجموعی طور پر 2.68 روپے فی لیٹر اضافی بوجھ پڑے گا۔

اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلر مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا، جبکہ اس وقت دونوں مصنوعات پر الگ الگ 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلر مارجن عائد ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ خطے کی حالیہ صورتحال اور امن و امان سے متعلق امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔

اجلاس میں مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button