وفاقی بجٹ ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان آج ہوگا، اہم معاشی فیصلوں پر مشاورت جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 10 جون کو پیش نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ نئی تاریخ کا اعلان آج وزارت خزانہ کی جانب سے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، قومی معیشت، سیاسی صورتحال اور مختلف اہم قومی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق صوبوں کی جانب سے وفاق کو 1700 ارب روپے کی منتقلی کے معاملے پر تکنیکی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو اس معاملے پر حتمی سفارشات تیار کریں گی۔

اسی طرح قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی 10 جون کے بجائے اب ایک روز بعد منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے غیر رسمی گفتگو میں تصدیق کی کہ بجٹ کے متعدد اہم امور ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے، جس کے باعث تاخیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اور محدود وقت بھی انتظامی مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔

صدر مملکت نے ملاقات کے دوران ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح، صوبائی حقوق اور معاشی استحکام کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف اسکیموں کو متوازن انداز میں شامل کیا جائے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ کی نئی تاریخ اور فائنل حکمتِ عملی کا اعلان آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button