ایف بی آرکاعید الاضحیٰ پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلیے متعلقہ کمرشل بینکوں کی برانچز شام ساڑھے 5 بجے تک کھولنے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عید الاضحیٰ پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلیے متعلقہ کمرشل بینکوں کی برانچز شام ساڑھے 5 بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی بذریعہ کاؤنٹر ادائیگی (OTC) میں سہولت دینے کی غرض سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق کمرشل بینکوں کی تمام شاخیں جمعہ، 29 مئی 2026ء کو توسیع شدہ اوقاتِ کار میں شام 5:30 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق وہ تمام شاخیں جوہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ ہفتہ 30 مئی 2026ء کو صبح 9.00 بجے سے شام 5:30 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اس ضمن میں بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ شاخیں 30 مئی 2026ء کو اُس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نِفٹ کو سرکاری ٹرانزیکشن کے لیے خصوصی کلیئرنگ میں سہولت درکار ہو۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بینک یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے آن لائن ادائیگی کے ذرائع یعنی انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشن، اے ٹی ایم، اور دیگر ڈجیٹل پلیٹ فارم بلاتعطل خدمات فراہم کرتے رہیں۔



