اوکاڑہ ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، ایمبولینس میں بچی کی بحفاظت پیدائش

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) ریسکیو 1122 کی بروقت اور پیشہ ورانہ طبی امداد کے نتیجے میں ایمبولینس میں 22 سالہ خاتون کے ہاں صحت مند بچی کی بحفاظت پیدائش ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال اوکاڑہ سے ڈلیوری کیس کو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال ریفر کیے جانے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس خاتون آسیہ بی بی کو طبی منتقلی کے لیے ساہیوال لے جا رہی تھی کہ یوسف والا کے مقام پر انہیں اچانک شدید دردِ زہ شروع ہوگیا۔

صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے معیاری پری ہسپتال طبی طریقۂ کار کے مطابق اقدامات کیے۔ ورثاء کی رضامندی سے ایمبولینس میں ہی محفوظ انداز میں نارمل ڈلیوری کروائی گئی۔

ریسکیو ٹیم کی بروقت طبی امداد سے ایک صحت مند بچی کی پیدائش ہوئی۔ پیدائش کے فوراً بعد نومولود بچی اور والدہ کو ضروری ابتدائی طبی نگہداشت فراہم کی گئی جبکہ دونوں کی حالت مستحکم رکھنے کے لیے مسلسل نگرانی بھی کی جاتی رہی۔

بعد ازاں ماں اور بچی کو مزید طبی معائنے اور ضروری نگہداشت کے لیے بحفاظت ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی اس بروقت کارروائی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ ہنگامی حالات میں فوری رسپانس، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر طبی امداد انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button