ٹک ٹاکر ایمان علی کو غیر قانونی شکار کی تصاویر اپ لوڈ کرنے پر 90 ہزار روپے جرمانہ

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب بھر میں وائلڈلائف کرائمز کے خلاف کارروائیوں کے دوران ٹک ٹاکر ایمان علی سمیت 30 ملزمان کے چالان کردیئے گئے، جبکہ مختلف کارروائیوں میں تقریباً دو درجن جنگلی پرندے بازیاب کرلیے گئے۔

ترجمان وائلڈلائف رینجرز پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ کارروائیوں کے دوران بٹیر اور فالکن کے شکار میں استعمال ہونے والے 36 نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق مختلف مقدمات اور چالانوں میں 27 ملزمان کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 19 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ دو ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

چکوال میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر مرزا عابد حسین کی سربراہی میں کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر غیر قانونی شکار کی تصاویر اپ لوڈ کرنے پر ٹک ٹاکر ایمان علی کا چالان کیا گیا اور انہیں 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران بٹیر کے ایک غیر قانونی شکاری کو بھی 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ غیر قانونی قبضے میں رکھے گئے 14 مور بازیاب کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق موروں کو جوہرآباد وائلڈلائف پارک منتقل کردیا گیا اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

ساہیوال ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر سید عثمان الحسن کی سربراہی میں اوکاڑہ اور پاکپتن میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں فالکن اور بٹیر کے غیر قانونی شکار میں ملوث 6 افراد کے چالان کیے گئے۔ترجمان کے مطابق فالکن کے ایک شکاری کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ بٹیر کے 5 شکاریوں کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیے گئے۔اٹک میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر رضوانہ عزیز کی نگرانی میں بٹیر غیر قانونی قبضے میں رکھنے والے 4 افراد اور 2 تاجروں کو گرفتار کرکے 5 بٹیر برآمد کیے گئے۔ چھ ملزمان کو مجموعی طور پر 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، پنجرے تلف کیے گئے اور بٹیر قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے گئے۔ایک اور کارروائی میں ایک شکاری کو ٹیپ ریکارڈر سمیت گرفتار کیا گیا، جس پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button