ارب پتی ایلون مسک کہاں رہ رہے ہیں؟ انکشاف نے دنیا کو حیران کردیا

ممفس(جانو ڈاٹ پی کے) دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک اپنی دولت، کاروباری سلطنت اور منفرد طرزِ زندگی کے باعث اکثر خبروں میں رہتے ہیں، تاہم ان کی موجودہ رہائش سے متعلق انکشاف نے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ وہ ان دنوں امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ممفس میں ایک ائیر اسٹریم ٹریلر میں رہائش پذیر ہیں۔

ایلون مسک کے مطابق انہوں نے یہ سادہ اور عارضی رہائش اپنی کمپنی xAI کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیراتی سرگرمیوں کے قریب رہنے کے لیے اختیار کی ہے تاکہ وہ منصوبے کی پیش رفت کی براہِ راست نگرانی کرسکیں۔

ایلون مسک نے بتایا کہ وہ مسلسل سفر کرنے کے بجائے اپنے کام کے قریب رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر وہ نئے سرورز کے قریب فرش پر سونا بھی پسند کریں گے تاکہ وقت ضائع نہ ہو۔

ارب پتی کاروباری شخصیت کی ائیر اسٹریم ٹریلر سے وابستگی کو ان کے خلائی منصوبوں سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ ماضی میں NASA نے اپولو 11 مشن کے خلا بازوں کو چاند سے واپسی کے بعد اسی نوعیت کے ٹریلر میں قرنطینہ کیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایلون مسک نے غیر روایتی طرزِ زندگی اختیار کی ہو۔ 2022 میں ٹوئٹر، جسے بعد میں X کا نام دیا گیا، خریدنے کے بعد وہ کئی ماہ تک سان فرانسسکو میں کمپنی کے دفتر میں قیام کرتے رہے تھے۔

اس سے قبل وہ ٹیکساس کے علاقے بوکا چیکا میں اسپیس ایکس کے اسٹار بیس کے قریب ایک چھوٹے گھر میں بھی رہائش اختیار کرچکے ہیں۔

ایلون مسک نے 2020 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی زیادہ تر جائیدادیں فروخت کررہے ہیں۔ اس وقت ان کی کیلیفورنیا میں موجود سات جائیدادیں تقریباً 13 کروڑ ڈالر میں فروخت ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ایلون مسک کا مؤقف رہا ہے کہ وہ اپنی توجہ مادی اثاثوں کے بجائے مستقبل کی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور خلائی منصوبوں پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button