لاہور میں الیکٹرک ٹرام کب چلے گی؟ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے خوشخبری سنا دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خاں نے شہریوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر اہم پیش رفت ہو چکی ہے اور نئے مالی سال کے دوران یہ سروس سڑکوں پر نظر آئے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک ٹرام کے لیے کنٹریکٹ کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ پروکیورمنٹ کا مرحلہ جاری ہے، جس کے بعد منصوبے پر عملی کام مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ابتدائی منصوبے کے تحت الیکٹرک ٹرام کے لیے علیحدہ میٹرو سسٹم تعمیر کیا جانا تھا، تاہم اس حصے کو فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کے نفاذ کے دوران کسی درخت کو نہیں کاٹا جائے گا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی۔
روٹ کے بارے میں بلال اکبر خان نے بتایا کہ اس کا مجوزہ روٹ سی بی ڈی سے جیل روڈ اور مال روڈ سے استنبول چوک تک ہوگا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ الیکٹرک ٹرام منصوبہ شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔



