گلگت میں پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کارکنان میں تصادم، پولیس کی موجودگی میں ہاتھا پائی


گلگت(جانوڈاٹ پی کے)گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ GBA-2 کے پولنگ اسٹیشن 403 پر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان جھگڑا ہو گیا، جو بعد میں ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ حفیظ الرحمن پولنگ اسٹیشن کے دورے پر پہنچے اور ان کے پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے پر پیپلز پارٹی کے کارکنان نے اعتراض کیا۔
اس تنازع کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنان آپس میں گتھم گتھا ہو گئے، جس کے دوران پولیس کی موجودگی کے باوجود صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
پولنگ اسٹیشن پر گلگت بلتستان کے نگران وزیر داخلہ ساجد بیگ بھی موجود تھے۔ واقعے کے بعد امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور پولنگ کا عمل جاری رکھنے کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔