عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی قربانیوں کا سلسلہ جاری، گھروں میں روایتی پکوانوں کی بہار

لاہور، اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے، یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔
عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں دعوتوں، بیٹھکوں، بار بی کیو پارٹیوں، سیروتفریح اور ہلا گلہ کا سلسلہ عروج پر ہے۔ گزشتہ روز کے میزبان آج مہمان بن کر عزیز و اقارب کی دعوتوں سے لطف اندوز ہوں گے جبکہ خواتین گھروں میں مختلف لذیذ اور روایتی پکوان تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
گھروں میں بریانی، تکہ، بوٹی، سیخ کباب، ہنٹر بیف، مٹن سجی، قورمہ، کڑاہی، کوفتے اور دیگر دیسی و غیر روایتی کھانے تیار کیے جا رہے ہیں، جن سے اہلِ خانہ اور مہمانوں کی تواضع کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز لاکھوں فرزندانِ توحید نے سنتِ ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانور قربان کیے اور قربانی کا گوشت عزیز و اقارب اور مستحق افراد میں تقسیم کیا۔
ملک بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بار بی کیو اور خصوصی دعوتوں کا اہتمام کیا جبکہ خواتین کی جانب سے کلیجی سمیت مختلف چٹ پٹے کھانے بنا کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔
دوسری جانب ماہرینِ صحت نے شہریوں کو عید پر کھانوں میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق شوگر، بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کے مریض خصوصاً احتیاط کریں جبکہ کلیجی، گردے، مغز اور پائے کے زیادہ استعمال سے گریز کیا جائے۔ ماہرین نے گھی، تیل اور تیز مصالحوں کے کم استعمال پر بھی زور دیا ہے۔



