پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت لازمی مضمون بنانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (AI) کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے ذریعے طلبہ کو اس ٹیکنالوجی کے بنیادی تصورات اور عملی استعمال سے آگاہ کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ AI کی تعلیم سے نئی نسل میں ٹیکنالوجی سے متعلق بنیادی مہارتوں کے ساتھ تنقیدی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتیں بھی فروغ پائیں گی۔

ڈیجیٹل اصلاحات کے تحت سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر لیبز کو جدید بنانے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ اساتذہ کی تربیت کا انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی اصول اور مختلف شعبوں میں اس کے استعمال کے بارے میں مؤثر انداز میں تعلیم دے سکیں۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ تعلیمی نظام میں AI کو شامل کرنے کا مقصد طلبہ کو مستقبل کی ملازمتوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کیلئے تیار کرنا ہے۔ اس اقدام سے صوبے میں جدید اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کی کوششوں کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button