علی بابا کی پاکستان میں بڑی انٹری! BNPL سروسز کیلئے لائسنس جاری، ای کامرس میں نئی پیش رفت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) دنیا کی بڑی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا گروپ کی پاکستان میں شمولیت کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے علی بابا کی ذیلی کمپنی میسرز کوکو ٹیک کو نان بینکنگ فنانس کمپنی کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق کوکو ٹیک پاکستان ملک میں "بائے ناؤ پے لیٹر” (BNPL) سروسز فراہم کرے گی، جس کے تحت صارفین ای کامرس مارکیٹ سے آسان اقساط پر اشیاء خرید سکیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس اور ای کامرس سیکٹر کو مزید وسعت دے گا، جبکہ علی بابا کی جانب سے ملک میں براہ راست سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان میں آن لائن خریداری، فِن ٹیک اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔



