لاہور میں ای چالان کی سینچری کرنے والی موٹرسائیکل پکڑی گئی، ایک لاکھ 90 ہزار جرمانہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر لاہور ٹریفک پولیس نے والٹن روڈ سے ایسی موٹرسائیکل پکڑ لی جس کے خلاف 113 ای چالان سامنے آئے، جبکہ موٹرسائیکل سوار پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک انفورسمنٹ اور قوانین پر عملدرآمد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ والٹن روڈ پر پٹرولنگ افسران غلام عربی اور تنویر نے موٹرسائیکل کے ای چالان چیک کیے تو اس کے خلاف 113 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے 89 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی، جبکہ 24 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔ خلاف ورزیوں پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو تھانہ فیکٹری ایریا میں بند کردیا گیا۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہر میں منظم ٹریفک کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو بھی کلیئرنس کے لیے مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 20 سے زائد اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے شہریوں پر زور دیا کہ ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹس میں ردوبدل یا چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button