کوئٹہ سے لاڑکانہ منشیات سپلائی کی کوشش ناکام، افغان خاتون سمیت 3 گرفتار، ایک ملزم فرار

لاڑکانہ(احسان جونیجو\جانوڈاٹ پی کے) لاڑکانہ پولیس نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک افغان شہری خاتون بھی شامل ہے، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔
ایس ایس پی احمد چودھری کے مطابق نیو بس ٹرمینل کے علاقے میں کوئٹہ سے آنے والی مسافر کوچ کی تلاشی کے دوران عقیلا زوجہ محمد عمر (اصل رہائشی افغانستان، حال مقیم کوئٹہ)، لائبہ دختر ولی محمد بروہی اور محمد حیات ولد عبدالحمید بروہی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ایک بین الصوبائی منشیات فروش گروہ سے ہے اور وہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان کوئٹہ کے مبینہ ڈرگ ڈیلرز رحمت بروہی اور امداد بروہی کے لیے ڈلیوری پرسن کے طور پر کام کرتے تھے اور لاڑکانہ میں منشیات پہنچانے آئے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران یاسین جتوئی نامی ایک ملزم دو کلوگرام سے زائد چرس پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
چاروں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ گرفتار افراد سے ان کے دیگر ساتھیوں، خریداروں اور منشیات فروش نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔



