لاہور میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی مفت سہولت، 13 سرکاری ہسپتالوں میں مراکز قائم


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی مفت سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں شہری اب بغیر کسی فیس کے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 13 سرکاری ہسپتالوں میں یہ سہولت شروع کی گئی ہے جن میں ڈی ایچ کیو میاں میر، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈ کوارٹرز سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، قلعہ گجر سنگھ، شاہدرہ، بلال گنج، سوڈیوال، کاہنہ، رائیونڈ اور سوامی نگر شامل ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی سرٹیفکیٹس کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ آن لائن میڈیکل ویری فکیشن سے شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔