وزیرآباد:بارشوں میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کیلئے نالہ جات کی بروقت صفائی ناگزیرہے،عثمان گھمن

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا وزیرآباد عثمان گھمن نے مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالہ جات اور سیوریج سسٹم کی صفائی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچنے کے لیے بڑے نالہ جات کی بروقت صفائی ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے حکام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ زیرِ تعمیر نالہ جات پر جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مون سون کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو انہوں نے کہا نالہ پلکھو کے قریب اور پیر میٹھا روڈ سے ملحقہ علاقوں میں جاری کام کو متعلقہ کنٹریکٹر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں اور ان مقامات پر نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ واسا، میونسپل کمیٹی،ستھرا پنجاب اور ضلعی انتظامیہ باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ مون سون سے قبل حفاظتی اور انتظامی اقدامات مکمل کریں گے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ نالوں کی ڈی سلٹنگ، سیوریج لائنوں کی صفائی اور زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے شہری حلقوں نے مون سون سے قبل صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بروقت انتظامات سے بارشوں کے دوران شہری مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور خدا ناخواستہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں آسانی میسر آئے گی ۔



