ڈنکی لگانے والوں کے مزید3روٹس کی نشاندہی،پاکستانی اب کن راستوں سے یورپ پہنچتے ہیں؟

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں نے اداروں کی سخت نگرانی کے پیش نظر ڈنکی لگانے کیلئے نئے روٹس نکال لئے۔ ایف آئی اے نے نئے ڈنکی روٹس کا سراغ حالیہ کیسز کی تفتیش کےدوران لگایا۔ایف آئی اے کی حالیہ کیسز میں تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ نوجوان اب ملائیشیا، ازبکستان، موریطانیہ اور سینیگال سے ہوکر یورپ میں داخلے کی کوشش کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پہلے روٹ میں اسمگلرز پاکستانیوں کو ویزے پر ملائیشیا لے جاتے ہیں، ملائیشیا سے سمندری اور زمینی راستوں کے ذریعے مصر پہنچایا جاتا ہے، نوجوانوں کو مصر سے لیبیا اور پھر یورپ میں داخل کرایا جاتا ہے۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ڈنکی لگانے کا دوسرا نیا روٹ ازبکستان سے ہو کر جاتا ہے، پاکستانی نوجوانوں کو ویزا لگوا کر پہلے ازبکستان لے جایا جاتا ہے، ازبکستان سے بیلاروس اور وہاں سے پولینڈ میں بھیجا جاتا ہے، پولینڈ سرحد دشوار گزار زمینی راستے کے ذریعے پار کرائی جاتی ہے۔تیسرے روٹ میں نوجوانوں کو موریطانیہ اور سینیگال بلوایا جاتا ہے، کشتیوں پر نوجوانوں کو اسپین کے نیم خودمختار جزیروں پر پہنچایا جاتا ہے، کینری آئی لینڈز سے نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر اسپین لے جایا جاتا ہے، اسپین کے کینری آئی لینڈز افریقی ساحل سے محض 100 کلومیٹر دور ہیں۔

Back to top button