ٹرمپ کا پاک بھارت جنگ پر بڑا دعویٰ: "11 طیارے گرائے گئے، ایٹمی جنگ روک کر کروڑوں جانیں بچائیں”

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور جنگ بندی سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم کو روکنے میں کردار ادا کیا، جس کے باعث کروڑوں انسانی جانیں بچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بھی اس حوالے سے ان کے کردار کو سراہا۔
صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے اپنے دعوے کو ایک بار پھر دہرایا۔ تاہم بھارت ماضی میں متعدد مواقع پر اس مؤقف کو مسترد کر چکا ہے اور نئی دہلی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی یا کشیدگی میں کمی سے متعلق فیصلے دوطرفہ سطح پر کیے گئے تھے۔
امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں اسرائیل کی سیاست کا بھی ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک رہی۔ انہوں نے امریکی سیاست، یہودی ووٹرز اور ایلون مسک کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ متعدد بار پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کردار کا دعویٰ کر چکے ہیں، جبکہ بھارت ان دعوؤں سے مسلسل اختلاف کرتا آیا ہے۔



