پی سی بی کا بڑا فیصلہ، ڈومیسٹک کرکٹرز کی میچ فیس تین گنا سے زائد بڑھا دی، نئے سرپلس بجٹ کی منظوری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 84واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ، ڈومیسٹک کرکٹ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور قومی کرکٹ کی بہتری سے متعلق اہم فیصلوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، بورڈ ممبران اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد، 12 مزید گراؤنڈز کو فعال بنانے، ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز مختص کرنے اور ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں جدید بائیو مکینکس مشین نصب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے لیگ کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی بھی منظوری دی، جبکہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں بورڈ کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی، جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔



