ڈاکٹر آکاش قتل کیس: گرفتار 3 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، پولیس اہلکار بھی زخمی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) گلشنِ معمار کے علاقے عمر بروہی گوٹھ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان اپنے ہی فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا، تاہم ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ایس آئی یو کے مطابق چھاپے کے وقت گرفتار ملزمان سریش، رام چند اور انیل بھی پولیس کے ہمراہ موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ تینوں گرفتار ملزمان بھی شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ زخمی گرفتار ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو یہی ملزمان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کلفٹن میں ایک بینک کے باہر ڈاکٹر آکاش سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کو ساؤتھ زون پولیس اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا تھا، جبکہ ان کے تین ساتھی، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، تاحال مفرور ہیں۔
ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔



