بجلی کمپنیوں کی نجکاری تیز کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم شہباز شریف کی شفاف عمل یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

نجکاری سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے بعد مؤثر اور مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے تاکہ نظام کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق ان کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ پہلے ہی ملکی و بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیا جا چکا ہے جبکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے اس ماہ سے روڈ شوز کا آغاز کیا جا رہا ہے، جن کا دائرہ سعودی عرب، ترکیہ اور چین سمیت دیگر ممالک تک بڑھایا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد توانائی کے شعبے میں کارکردگی بہتر بنانا اور مالی خسارے میں کمی لانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button