نئی دہلی: طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے تباہی،3 ایئر انڈیا طیارے متاثر

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید بارش اور طوفانی ہواؤں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ طوفان کے دوران تیز ہوا کے جھونکوں نے ایئرپورٹ پر موجود زمینی معاونتی آلات کو اپنی جگہ سے ہٹا دیا، جو بعد ازاں پارکنگ ایریا میں کھڑے طیاروں سے جا ٹکرائے۔
رپورٹس کے مطابق یہ بھاری آلات ایئر انڈیا اور انڈیگو کے زیر استعمال تھے، جو بے قابو ہو کر ٹرمینل 2 کے قریب کھڑے تین ایئر انڈیا A320 طیاروں سے ٹکرا گئے۔ اس واقعے کے نتیجے میں تینوں طیارے شدید متاثر ہوئے اور انہیں فوری طور پر سروس سے ہٹا دیا گیا۔
واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شدید بارش کے دوران ایئرپورٹ پر موجود افراد صورتحال کو دیکھ رہے تھے، جبکہ اچانک سامان اور گاڑیاں تیز ہوا کے باعث بے قابو ہو گئیں۔ عملہ ہنگامی طور پر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔
خوش قسمتی سے حادثے کے وقت پارکنگ ایریا خالی تھا، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے بڑے ایئرپورٹس پر طوفانی موسم میں زمینی آلات کی حفاظت کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ طیاروں کی مرمت جاری ہے جبکہ پروازوں کے شیڈول میں جزوی تاخیر بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔



