بنگلہ دیش کا پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی فریم ورک میں شامل ہونے کا عندیہ


ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے ممکنہ مشترکہ اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شمولیت کے امکان پر مثبت رویے کا اظہار کردیا۔
بنگلہ دیشی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈھاکہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اقتصادی یا دفاعی فریم ورک میں شامل ہونے کے امکان کو مثبت انداز میں دیکھتا ہے۔
ہمایوں کبیر کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش اس حوالے سے فیصلہ کرتے ہوئے قومی مفادات، عالمی معیشت اور تجارت میں بدلتی صورتحال کو مدنظر رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معمول کی سفارتی سرگرمیوں کے تحت دوطرفہ عملی تعلقات مضبوط بنائے جا رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی روابط بڑھانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم طارق رحمان بھی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔