دانش یونیورسٹی کی تعمیرقوم کے تابناک مستقبل کیلئے بہترین سرمایہ کاری ہے،وزیراعظم

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنانے کی ہدایت کردی، اور کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کےلیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت دانش اسکولوں اوریونیورسٹی کے قیام پر جائزہ اجلا س منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطا تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے افسران نےشرکت کی۔اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول اور دانش یونیورسٹی اہم قومی اثاثہ ہیں، ملک بھر میں دانش اسکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کےلیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنایا جائے۔وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش اسکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، دانش اسکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔



