امریکی صحافی کے اغوا میں ملوث طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی عدالت نے امریکی صحافی کے اغوا اور دہشت گردی میں معاونت کے جرم میں طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا سنا دی۔

رپورٹس کے مطابق نیویارک کی عدالت نے 50 سالہ حاجی نجیب اللہ کو دہشت گردی میں معاونت اور یرغمال بنانے کے الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزا کا حکم جاری کیا۔

امریکی اخبار کے مطابق حاجی نجیب اللہ 2008 میں افغانستان میں اغوا ہونے والے امریکی صحافی ڈیوڈ روہڈے اور ان کے دو ساتھیوں کو تقریباً سات ماہ تک یرغمال رکھنے میں ملوث تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق طالبان کمانڈر پر امریکی فوجی قافلوں پر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ ڈیوڈ روہڈے 2008 میں افغانستان میں رپورٹنگ کے دوران اغوا ہوئے تھے اور بعد ازاں کئی ماہ بعد قید سے رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

عدالت کے فیصلے کو دہشت گردی اور یرغمالی کارروائیوں کے خلاف امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button