کرک میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی دی) نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کوہاٹ کے ضلع کرک میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ متعدد دہشت گرد فرار ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے کمانڈر کلیم اللہ عرف سیف العمر اور نائب کمانڈر شعیب عرف سیف دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نزد نیکی صاحب زیارت حدود تھانہ خرم ضلع کرک میں سڑک پر ناکا بندی کیے ہوئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد گروپ ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور ان کے پاس آئی ای ڈیز تیار کرنے کا سامان بھی موجود ہے اور سڑک کنارے بارودی مواد نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کی ٹیموں نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر دیگر نفری کے ہمراہ جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر مذکورہ مقام کی جانب پیش قدمی کی اور جوانوں کے موقع پر پہنچتے ہی دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

سی ٹی ڈی کے جوانوں نے مناسب آڑ حاصل کرتے ہوئے خود کو محفوظ کیا اور دہشت گردوں کو قابو کرنے کے لیے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی، فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا، فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک پائے گئے تاہم دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو ایس ایم جیز، دو ہینڈ گرینیڈز، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کے حوالے سے بھی مزید تفتیش جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کے جوانوں کی ہمت، حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کو مکمل طور پر پرامن بنانے اور دہشت گردوں کی آخری پناہ گاہ کے خاتمے تک سی ٹی ڈی کی بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button