شاداب خان کی سلیکشن پر توصیف احمد اور ثقلین مشتاق آمنے سامنے

لاہور (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر توصیف احمد نے سابق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر ثقلین مشتاق پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آل راؤنڈر شاداب خان کی قومی ٹیم میں سلیکشن کے لیے لوگوں سے فون کروایا کرتے تھے۔
توصیف احمد نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ثقلین مشتاق کو شاداب خان کے علاوہ کچھ دکھائی نہیں دیتا اور ان کے پاس ثقلین مشتاق کی مبینہ فون ریکارڈنگز بھی موجود ہیں۔
سابق چیف سلیکٹر نے سوال اٹھایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے شاداب خان کو فوری طور پر قومی ٹیم کا سینٹرل کنٹریکٹ کیسے مل گیا۔ تاہم ان الزامات کے حوالے سے شاداب خان کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر توصیف احمد کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سینیئر کی حیثیت سے توصیف احمد کی عزت کرتے ہیں، تاہم ان سے جھوٹ بولنے سے گریز کرنے کی درخواست کی۔
ثقلین مشتاق نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بھی مبینہ ریکارڈنگز موجود ہیں اور توصیف احمد کو چیلنج کیا کہ وہ پہلے اپنی ریکارڈنگز جاری کریں، جس کے بعد وہ بھی اپنی ریکارڈنگز سامنے لے آئیں گے۔
دونوں سابق کرکٹرز کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کے بعد کرکٹ حلقوں میں معاملہ زیر بحث آگیا ہے۔



